عنوان :اسلام میں رحمت کا تصور✨ از قلم✍🏻 بنتِ سیّد نور✒️ BSN✨بلاشبہ رحمت اسلام کا حسن، ایمان کی علامت اور ایک سچے مومن کی پہچان ہے۔ جس دل میں رحم، شفقت اور محبت زندہ ہو، وہی دل نورِ ایمان سے منور ہوتا ہے۔ رحمت انسان کی ظاہری و باطنی شخصیت کو نکھارتی ہے، اس کے اخلاق کو سنوارتی ہے اور اسے مخلوقِ خدا کے لیے باعثِ سکون بناتی ہے۔
عنوان:اسلام میں رحمت کا تصور
✍🏻از قلم : بنتِ سیّد نور
اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی صفتِ رحمت ازل سے ابد تک تمام جہانوں پر سایہ فگن ہے۔ زمین و آسمان، شمس و قمر، شب و روز، ہوائیں، بارشیں، نباتات اور بے شمار مخلوقات کا متوازن نظام اسی رحمتِ الٰہی کا مظہر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کائنات کا ذرّہ ذرّہ ربّ العالمین کی شانِ رحمت کی گواہی دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے قلم اور لوح کو پیدا فرمایا، زمین و آسمان کی تخلیق فرمائی اور اس وسیع و عریض کائنات کو حسن و جمال سے آراستہ کیا۔ پھر حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق فرما کر انسان کو اشرف المخلوقات کا مقام عطا کیا، اسے عقل و شعور، علم و حکمت اور اپنے ذکر و عبادت کی توفیق سے نوازا، تاکہ بندۂ خاکی اپنے رب کی رحمتوں کا مشاہدہ کر سکے۔
تاریخِ انبیاء علیہم السلام رحمتِ الٰہی کے بے شمار مظاہر سے مزین ہے۔ حضرت یوسف علیہ السلام پر آزمائشوں کے بعد عزت و سربلندی کی صورت میں رحمت نازل ہوئی۔ حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کے لیے آبِ زم زم جاری کیا گیا، جو آج بھی شفاء، برکت اور رحمت کی عظیم نشانی ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں اپنے برگزیدہ انبیاء و رسل علیہم السلام پر خصوصی عنایات اور رحمتیں نازل فرمائیں۔
بالآخر اپنی رحمت کے اتمام اور انسانیت کی رہنمائی کے لیے اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنے محبوبِ مکرم، خاتم النبیین، سید المرسلین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا اور آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت قرار دیا۔
چنانچہ قرآنِ مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ
(سورۃ الأنبیاء: 107)
ترجمہ: "اور ہم نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔"
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات انسانیت کے لیے ظاہری رحمت کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ صرف انسانوں کے ساتھ بلکہ ہر جاندار ذي روح کے ساتھ رحم کا عملی طور نمونہ پیش کر کے دکھایا اور بتایا کہ رحم وہ صفت ہے جو کہ رب العالمین الرحمٰن الرحیم کو بہت زیادہ پسند ہے ۔
ایک مقام پر آپ ﷺ نے فرمایا:
"جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا، اللہ اس پر رحم نہیں فرماتا۔" (صحیح بخاری)
"رحم کرنے والوں پر رحمٰن رحم فرماتا ہے، تم زمین والوں پر رحم کرو، آسمان والا تم پر رحم کرے گا۔" (سنن ترمذی )
رحمت صرف صدقہ و خیرات دینے یا مالی مدد کا نام نہیں، بلکہ کسی غمزدہ کو تسلی دینا، والدین کی خدمت کرنا، چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کا احترام کرنا بھی رحمت کے مظاہر ہیں۔ ایک مسلمان کا اخلاق اس قدر پاکیزہ ہونا چاہیے کہ اس کے وجود سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔
بلاشبہ رحمت اسلام کا حسن اور ایک مومن کی پہچان ہے اور مومن کے دل میں رحم ہوتا ہے تو وہ دل نرم اور ضمیر زندہ ہونے کے ساتھ ساتھ انسانیت بھی رکھتا ہے۔
ایک کمزور اور مظلوم انسان پر جب بھی کوئی مشکل یا آزمائش آتی ہے تو وہ اللہ تعالیٰ سے اُس کی رحمت طلب کرتا ہے۔ رب العالمین نے انسان کو بتا دیا کہ رب العالمین کو کس طرح پکارا جائے کس طرح اُس کی رحمتیں حاصل کی جائیں اللہ تعالی نے قرآن کریم میں سب سے پہلے بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم اور پھر سورة الفاتحہ کی ترتیب سے واضح کردیا ہےکہ
کسطرح اُس کی بیش بہا رحمتیں حاصل کی جائیں۔اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ قران پاک میں جگہ جگہ اللہ سبحانہ و تعالٰی نے بیان کیا ہے جیسے سورہ الرحمٰن میں اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے اپنی رحمتیں و نعمتیں دونوں ہی بیان کی ہیں کہ کس طرح وہ اپنے بندوں پر جو اس کی اطاعت کرتے ہیں، اس کے فرمانبردار ہوتے ہیں کس طرح ان پر اپنی رحمتیں فرماتا ہے۔
انسانوں کا ایکدوسرے پر رب العالمین کی رحمت کے لئے دعا گو رہنا، اور حسن سلوک سے پیش آنا، ملتے وقت سلام کہنا اور سلام بھی اس طرح کہ
السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ
پس
معلوم ہوا کہ
اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اس میں بندہ ہر لمحہ رب العالمین کی رحمتوں کے سائے میں رہتا ہے۔
نبی کریم ﷺ کی پوری حیاتِ مبارکہ رحمت، عفو و درگزر اور حسنِ سلوک کی روشن مثال ہے۔ آپ ﷺ نے دشمنوں کے ظلم برداشت کیے، لیکن بدلے میں ہمیشہ خیر خواہی اور ہدایت کی دعا فرمائی۔ فتح مکہ کے موقع پر، جب انتقام لینا ممکن تھا، آپ ﷺ نے فرمایا:
"آج تم پر کوئی گرفت نہیں، جاؤ تم سب آزاد ہو۔"
یہ اعلان صرف ایک فاتح کا نہیں، بلکہ رحمتِ عالم ﷺ کے بے مثال اخلاق کا مظہر تھا۔
ایک اور حدیثِ مبارکہ میں ارشاد فرمایا:
"مَنْ لَا يَرْحَمُ لَا يُرْحَمُ" (صحیح بخاری)
ترجمہ: "جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا، اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔"
خلیفۂ دوم حضرت عمر فاروقؓ فرمایا کرتے تھے:
"اگر دریائے فرات کے کنارے ایک کتا بھی بھوک سے مر جائے تو مجھے ڈر ہے کہ اللہ تعالیٰ عمر سے اس کے بارے میں سوال فرمائے گا۔"
یہ قول اسلامی حکمرانوں کے احساسِ ذمہ داری اور مخلوقِ خدا کے لیے رحم و شفقت کے اعلیٰ معیار کو ظاہر کرتا ہے۔
حضرت علی المرتضیٰؓ کا ارشاد ہے:
"انسان دو قسم کے ہیں، یا دین میں تمہارے بھائی ہیں یا انسانیت میں تمہارے برابر۔"
یہ عظیم قول اسلام کے آفاقی تصورِ رحمت اور انسانی مساوات کی بہترین ترجمانی کرتا ہے۔
امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"رحم دلی ایسی صفت ہے جو دلوں کو جوڑتی اور نفرتوں کو ختم کرتی ہے۔"
میری ذاتی زندگی میں، میں نے اکثر محسوس کیا ہے کہ نرم لہجہ، معاف کر دینے کی عادت، دوسروں کے دکھ درد کو بانٹنا اور لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا دلوں میں محبت پیدا کرتا ہے۔ بعض اوقات ایک تسلی بخش جملہ، ایک ہمدردانہ رویہ یا ایک خلوص بھری دعا کسی پریشان انسان کے لیے امید کی کرن بن جاتی ہے۔ یہی اسلام کی حقیقی روح ہے کہ انسان اپنے وجود کو دوسروں کے لیے راحت اور تسکین کا ذریعہ بنائے نہ کہ اذیت اور ظلم کی چکی۔
رحمت انسان کی ظاہری و باطنی شخصیت کو نکھارتی ہے۔
رحمت انسان کے انسان ہونے کی حقیقت ہے۔
رحمت انسان کی انسانیت کا حسن ہے جسے وہ دوسروں پر رحم کے ذریعے برقرار رکھتا ہے۔
اسی لیے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بیٹی کو رحمت کہا ہے۔بیٹیاں تتلیوں کی طرح نازک و حسین ہوتی ہیں اور غم میں بھی لوگ دیکھ کر مسکرا دیتے ہیں تو رحمت ایسی ہوتی ہے جو کہ انسان کی مشکلات اور آزمائشوں میں اسے دعاؤں کی صورت ہمت عطا کرتی ہے۔
رحمت ایک حسین صفت ہے۔
بلاشبہ رحمت اسلام کا حسن، ایمان کی علامت اور ایک سچے مومن کی پہچان ہے۔ جس دل میں رحم، شفقت اور محبت زندہ ہو، وہی دل نورِ ایمان سے منور ہوتا ہے۔ رحمت انسان کی ظاہری و باطنی شخصیت کو نکھارتی ہے، اس کے اخلاق کو سنوارتی ہے اور اسے مخلوقِ خدا کے لیے باعثِ سکون بناتی ہے۔
رحمت وہ لطیف صفت ہے جو معاشرے میں محبت، باہمی احترام اور اخوت کی بنیاد رکھتی ہے۔ جس معاشرے میں رحم دلی زندہ ہو، وہاں نفرتیں دم توڑ دیتی ہیں، دل قریب آ جاتے ہیں اور انسانیت پروان چڑھتی ہے۔
اسلام نے عورت، یتیم، مسکین، مسافر، غلام، بیمار، ضعیف اور حتیٰ کہ بے زبان جانوروں کے حقوق کا بھی خیال رکھنے کی تعلیم دی ہے۔ یہی عالمگیر رحمت اسلام کی انفرادیت ہے، جس نے انسانیت کو عزت، مساوات اور محبت کا درس دیا۔
رسول اللہ ﷺ کی بعثت درحقیقت اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین رحمت تھی۔ آپ ﷺ نے انسانوں کو صرف عبادت کا طریقہ ہی نہیں سکھایا بلکہ جینے کا سلیقہ، معاف کرنے کا حوصلہ، دوسروں کے دکھ بانٹنے کا شعور اور محبت و شفقت کی حقیقی روح بھی عطا فرمائی۔
آج جبکہ دنیا نفرت، بے حسی، خود غرضی اور مادیت کے اندھیروں میں بھٹک رہی ہے، اسلام کا پیغامِ رحمت انسانیت کے لیے امید کا روشن مینار ہے۔ اگر ہم سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، معاف کرنا سیکھ لیں اور مخلوقِ خدا کے ساتھ خیر خواہی کا رویہ اختیار کریں تو ایک ایسا معاشرہ وجود میں آ سکتا ہے جو امن، محبت اور باہمی احترام کا گہوارہ ہو۔
دعا ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمیں اپنی بے پایاں رحمتوں کے حصار میں رکھے، ہمارے دلوں کو رحم و شفقت سے منور فرمائے، اور ہمیں اپنی مخلوق کے لیے باعثِ خیر اور ذریعۂ سکون بننے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔
اختتام اس شعر پر کرنا چاہوں گی:
شعر
دل تیرے ہی ذکر پر معمور رہتا ہے
تیری ہی رحمتوں پر مشکور رہتا ہے
میں تیری اک خطاکار بندی ہوں نور
تیرےکرم سے دل میرا مسرور رہتا ہے
از قلم :ـ
✍🏻 بنتِ سیّد نور (BSN)

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں